جلد بجلی اور تیل کی قیمتیں کم ہونگی، وفاقی وزیر توانائی

گوجرانوالہ: وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ جلد بجلی اور تیل کی قیمتیں کم ہونگی اور مہنگائی بھی کم ہوگی،مشکل وقت گزر گیا،   ہم نے موسم گرما میں ہر ممکن کوشش کر کے لوڈشیڈنگ کو کنٹرول کیا، سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے۔

 خرم دستگیر نے گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے   انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثر بجلی کا نظام مکمل بحال کردیا، خیبرپختونخوا اور سوات میں بھی بجلی بحال کردی۔

 خرم دستگیر نے کہا کہ کے پی میں سیلاب میں بہہ جانے والے کھمبوں کو دوبارہ لگادیا، سیلاب سے بجلی سپلائی میں رکاوٹ آئی تھی، اب کہیں بھی بجلی بند نہیں ہے، زیادہ خسارے والے فیڈرز پر بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ دادو اس وقت پانی سے بھرا ہوا ہے، ہم کل دادو گرڈاسٹیشن کو بچانے میں مصروف تھے۔ خرم دستگیر نے مزید کہا کہ جلد بجلی اور تیل کی قیمتیں کم ہونگی،مہنگائی بھی کم ہوگی، مشکل وقت گزر گیا، اب بہتری کی طرف جائیں گے۔ 

دادو شہر اور گردونواح میں سیلاب کا خطرہ ہے، شہر کی پہلی ڈیفنس لائن چک پل ٹوٹنے کے بعد شہر کو بچانے کے لیے پلان بی پر عمل درآمد شروع کردیا گیا۔

 پلان بی کے تحت بائی پاس روڈ پر برڑا نہر کے پشتوں پر رنگ بند کی تعمیر کا عمل جاری ہے، بھاری مشینوں کے ذریعے مٹی لاد کر رنگ بند کو 15 فٹ تک اونچا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ 

رپورٹس کے مطابق منچھر جھیل کا ریلا دادو کا رنگ بند عبور کرگیا ہے، پانی میں گھرے لوگوں نے محفوظ مقامات پر نقل مکانی شروع کردی ہے۔ خطرے کی وجہ سے ڈسٹرکٹ جیل دادو کے قیدیوں کو حیدرآباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 دوسری جانب بھان سعید آباد کے گرڈ اسٹیشن میں بھی پانی داخل ہونے سے بجلی بند کردی گئی۔ منچھر جھیل میں مختلف مقامات پر کٹ لگانے سے دریائے سندھ میں پانی کا اخراج ڈیڑھ لاکھ کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔