چین جانے والے طلبہ و دیگر مسافروں کیلئے پی آئی اے کا بڑا اعلان

 چین میں فضائی کمپنیوں کی جانب سے کرایوں میں غیر معمولی اضافوں کے بعد قومی ائرلائن نے پاکستانی طلبہ و دیگر مسافروں کی سہولت کیلئے کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت پاکستانی طلبہ کو ٹکٹوں پر 15 فی صد، جبکہ دیگرمسافروں کو ٹکٹوں  پر10فیصد رعایت حاصل ہوگی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق چین جانے والے مسافروں کیلئے پی آئی اے نے بڑا اعلان کیا ہے، جس کے تحت پاکستانی طلبہ کو ٹکٹوں پر 15 فی صد رعایت دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبہ کے علاوہ  چین جانے والے مسافروں کو بھی ٹکٹوں  پر10فیصد رعایت حاصل ہوگی۔

علاوہ ازیں قومی ائرلائن کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے سامان کے وزن کی حد بھی 40سے بڑھا کر80کلو کر دی  گئی ہے۔ چینی شہر شایان کا کرایہ 5 لاکھ 19 ہزار جب کہ شندو کا کرایہ 5 لاکھ 8 ہزار روپے ہے ۔ پی آئی اے کی جانب سے رعایت کے اعلان سے  پاکستانی طلبہ کو ٹکٹوں  پر76سے 78ہز ار روپے کا ڈسکاونٹ ملے گا جب کہ  چین جانے والے مسافروں کو بھی50 ہزار تک رعایت ملے گی۔

واضح رہے کہ چین میں کورونا پابندیوں کی وجہ سے ائرلائنز کی جانب سے خصوصی پروازیں چلائی جا رہی ہیں، جن کے کرائے غیر معمولی طور پر زیادہ ہیں۔ ٹکٹ مہنگا ہونے کے باعث کئی طلبہ چین جانے سے قاصر ہیں، جس کے نتیجے میں ان کی اعلیٰ تعلیم متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔