قومی اسمبلی ضمنی انتخابات : عمران خان کو 5 نشستوں پر برتری ، ملتان میں پیپلز پارٹی کامیاب ، کراچی میں پی پی ایک سیٹ پرآگے

قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں پولنگ کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔  قومی اسمبلی کی 8 میں سے 7 نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا دیگر امیدواروں سے مقابلہ ہے۔ اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف  نے ایک نشست جیت لی اور 5 پر برتری حاصل ہے جبکہ پیپلزپارٹی ملتان میں کامیاب قرار پائی ہے اور ملیر کی نشست پر واضح برترہی۔

عمران خان نے پشاور کی نشست جیت لی اور اے این پی امیدوار غلام احمد بلور کو شکست دی۔

این اے 31 پشاور کے تمام 265 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری و غیرحتمی نتیجے کے مطابق عمران خان 57 ہزار 824 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

 اے این پی کے غلام احمد بلور 32 ہزار 253 ووٹ حاصل کرسکے اور یوں غلام بلور کو 25 ہزار 571 ووٹوں سے شکست ہوئی۔

این اے 22 مردان 3 کے 330 مکمل پولنگ اسٹیشن میں سے 121 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 26233 ووٹ لے کر پہلے اور جمعیت علمائے اسلام کے محمد قاسم نے 24311 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

این اے 24 چارسدہ 2 کے 384 میں سے  150 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان 29171 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان نے 26045 ووٹ حاصل کیے۔

 این اے 108 فیصل آباد 8 کے 353 میں سے 164 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 42190 لے کر آگے اور پاکستان مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی نے 30228 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہیں۔

این اے 118 ننکانہ صاحب  کے 319 میں سے 87 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے تحت عمران خان پہلے نمبر پر ہیں۔

عمران خان نے  22602 ووٹ اور پاکستان مسلم لیگ ن کی شذرہ منصب علی 19735 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

این اے 237 کراچی ملیر 2  کے 194 میں سے 103 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ 13212 ووٹ لے کر آگے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان نے 11502 ووٹ لےکردوسرے نمبر پر ہیں۔

این اے 239 کراچی کورنگی 1 کے 330 میں سے 43  پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 5805 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں اور متحدہ قومی موومنٹ کے سید نیئر رضا نے 1103 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

ملتان میں پی ٹی آئی کو اپ سیٹ شکست

اس کے علاوہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کی ملتان سے خالی کردہ نشست این اے 157 پر بھی ضمنی انتخاب ہوئے۔

این اے 157 ملتان 4 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سید علی موسیٰ گیلانی 79743 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔

ان کے مدمقابل شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی اور پاکستان تحریک انصاف کی مہر بانو قریشی نے 59993 ووٹ حاصل کیے۔

پیپلزپارٹی کے علی موسیٰ گیلانی نے پی ٹی آئی کی مہربانو قریشی پر 19 ہزار 750 ووٹوں کی برتری حاصل کی۔

خیال رہے کہ یہ نشست شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی نے خالی کی تھی۔

پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے نتائج

پنجاب اسمبلی کی تین کی نشستوں پر بھی ضمنی انتخابات ہوئے جن میں پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 209 خانیوال اور پی پی 241 بہاولنگر شامل ہیں۔

پی پی 139 شیخوپورہ 5  کے 153 میں سے 102  پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے چوہدری افتخار احمد بھنگو 25510 ووٹ لیکر پہلے اور پاکستان تحریک انصاف کے محمد ابوبکر  23388 ووٹ  لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

اسی طرح پی پی 209 خانیوال 7  کے 176 میں سے 82 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے محمد فیصل خان نیازی 31486 ووٹ لے کر آگے ہیں۔

ن لیگ کے چوہدری ضیا الرحمان نے 24419 ووٹ حاصل کیے۔

پی پی 241 بہاولنگر 5  کے 168 میں سے 10 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے ملک محمد مظفر خان 30636 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔

 پاکستان مسلم لیگ ن کے امان اللہ ستار 24256 ووٹ حاصل کرکے دوسری پوزیشن پر ہیں۔