عمران خان کے پاس پارلیمان میں 172 کا میجک نمبر موجود نہیں، پی ٹی آئی ون مین پارٹی بن چکی ہے : مریم اورنگزیب

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ون مین پارٹی بن چکی ہے، جس کے پاس کوئی اُمیدوار نہیں ہے۔

ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ضمنی انتخابات کا نتیجہ فارن فنڈڈ فتنے کے الیکشن کمیشن اور اداروں کی جانبداری کے بیانیے کی موت ہے۔ عمران خان پارلیمنٹ میں اپنی 2 سیٹیں کم ہونے پر جشن منانے کا ڈھونگ کر رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس پارلیمان میں  172 کا میجک نمبر موجود نہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی 8 میں سے 2 مزید سیٹیں ہار کر عمران خان پارلیمنٹ اور حکومت کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے۔ سڑکوں پر یلغار اور وفاقی دارالحکومت پر حملہ کرکے حکومت نہیں گرائی جاسکتی۔  حکومت بدلنے کے لیے 172 ارکان کی اکثریت ثابت کرنا ہوگی۔ 6 سیٹیں جیت کر آپ کو اسلام آباد پر یلغار کا لائسنس نہیں مل جاتا  ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 8 سیٹوں پر الیکشن لڑ کر پی ٹی آئی کی 8 سیٹیں کم کر دیں۔ حکومت کی تبدیلی کا طریقہ اسلام آباد پر جتھوں کے ذریعے یلغار کرنا نہیں۔

مریم اورنگزیب نے سوال کیا کہ ’ایبسلوٹلی فراڈ‘کیا آج بھی پریس کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر سے استعفی مانگے گا؟ ’فارن ایجنٹ‘ کیا آج بھی نیوٹرلز کے خلاف تقریر کرے گا ؟  توشہ خانہ کا چور کیا آج بھی ’مسٹر ایکس‘ اور ’مسٹر وائے‘ کا نام لے گا؟  فارن فنڈڈ کیا آج بھی چیف الیکشن کمشنر کو گالی، دھمکی اور الزامات کا نشانہ بنائے گا؟ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ’ون مین پارٹی‘ بن چکی ہے، جس کے پاس کوئی امیدوار نہیں۔