ٹی 20 ورلڈکپ، پاکستان کو زمبابوے سے اپ سیٹ شکست

 پرتھ: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ ٹو کے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست دے دی۔

131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 129 رنز بناسکی۔

پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں جاری میچ میں زمبابوے کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کہا کہ کوشش ہوگی پاکستان کے خلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کریں تاہم ان کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز اسکور کرسکی۔

زمبابوے کی پہلی وکٹ 19 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، حارث رؤف نے کپتان ایروائن کو پویلین کی راہ دکھائی، بعد ازاں 43 کے مجموعی اسکور پر دوسرا کھلاڑی میڈ ویئر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پھر دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 64 تک پہنچایا تو شومبا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پھر 95 کے مجموعی اسکور پر شان ولیمز 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے بعد ازاں 95 رنز پر ہی چکابوا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے اور پھر 95 کے ہی مجموعی اسکور پر سکندر رضا، لیوک چونگوے بھی آؤٹ ہوئے۔

زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے، سین ولیم 31 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔  پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے چار، شاداب خان نے تین اور حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے بابراعظم اور محمد رضوان نے اوپننگ کی۔ بابراعظم نو گیندیں کھیلنے کے بعد محض چار رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے پھر 23 کے مجموعی اسکور پر وکٹ کیپر محمد رضوان 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے، بعد ازاں 36 رنز پر افتخار احمد کی اننگز اختتام پذیر ہوئی۔

پھر شان مسعود اور شاداب خان نے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 88 تک پہنچایا تو شاداب 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پھر حیدر علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے اور شان مسعود 94 کے مجموعی اسکور پر 44 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، یوں پاکستان کو چھٹے نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا۔