وزیرِ اعظم دو روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے

وزیرِ اعظم شہباز شریف چین کے دو روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے۔

بیجنگ ائیرپورٹ پر وزیرِ اعظم کا اعلیٰ چینی حکام نےاستقبال کیا۔ وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ پہلا دورہ چین ہے۔

دورے میں شہباز شریف چینی صدر ، وزیراعظم اور سرمایہ کاروں کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کریں گے جبکہ چینی وزیراعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے جس میں سی پیک منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لے کر آگے بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کے ساتھ، 6 ارب 30 کروڑ ڈالرز کا قرض رول اوور ہونے کا امکان ہے۔

دورے میں چینی حکام سے پاکستان ریلوے کے موجودہ نظام کو بہتر کرنے اور کراچی سرکلر ریلوے کو سی پیک کا حصہ بنانے پر بھی بات ہوگی۔

اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ چینی قیادت کے ساتھ بات چیت میں توجہ سی پیک پر مرکوز ہوگی، سی پیک کا دوسرا مرحلہ ، سماجی اور اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہے۔