شعیب اختر کا بھارتیوں کو کرارا پیغام

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے نہیں سمجھتا کہ زمبابوے سے شکست کے بعد پاکستان سیمی فائنل میں پہنچنے کا مستحق تھا لیکن جنوبی افریقا کا شکریہ۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے کے گروپ ٹو کے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو شکست دیکر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

قومی ٹیم کی فتح پر شعیب اختر نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ ٹورنامنٹ بہت ہی شاندار رہا ہے، کوئی بھی ٹیم حاوی نظر نہیں آئی، سارے ہی برے کھیلے ہیں، آسٹریلیا ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا، انگلینڈ کی ٹیم بہترین کارکردگی نہ دکھا سکی، پاکستان بھی برا کھیلا لیکن آخری دو میچز میں پاکستان نے حیران کر دیا۔

شعیب اختر کا مزید کہنا تھا اب مسئلہ یہ رہ گیا ہے کہ ہم نے بھارت سے دوبارہ ملنا ہے کہ نہیں؟ ہاں جی، آپ کہہ رہے تھے ہم باہر ہو گئے ہیں ابھی ٹھہر جائیں ابھی ہم نے آپ سے دوبارہ ملنا ہے اور اگر پاکستان اور بھارت فائنل میں پہنچتے ہیں یا دونوں سیمی فائنل میں باہر ہو جاتے ہیں تو بڑا عذاب پڑ جائے گا، پاکستان اب سیمی فائنل میں ہے اور پاکستان کو جیتنے کی ضرورت ہے۔اس سے قبل نیدرلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے گئے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے شعیب اختر نے جنوبی افریقا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان کو ایک نئی زندگی عطا کی، پاکستان کو ایک لاٹری ملی ہے اور بنگلا دیش کے خلاف میچ اہم ترین ہو گا۔