جڈیجا کا بھارتی کپتان روہت شرما کی کپتانی پر سوال

بھارت کے سابق کھلاڑی اجے جڈیجا نے بھی بھارتی کپتان روہت شرما کی کپتانی پر سوال اٹھا دیے۔

بھارتی کپتان روہت شرما کے لیے آسٹریلیا کا حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ خاصا دردناک رہا، 6 میچز کی اننگز میں روہت نے 19 کی اوسط سے ایک نصف سنچری کے ساتھ صرف 116 رنز  بنائے،  انگلینڈ سے شکست پر کپتان روہت کی پرفارمنس کو بھی بھارتی تجزیہ کاروں کی جانب سے خاصی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اجے جڈیجا کا کہنا تھا کہ ’میں ایک بات بولوں گا جو روہت شرما سنیں گے تو ان کو چبھے گی، اگر کسی کپتان نے ٹیم بنانی ہے تو اس کو سارا سال ٹیم کے ساتھ رہنا پڑتا ہے، پورے سال میں روہت شرما کتنے دوروں پر ٹیم کے ساتھ رہے؟  یہ بات میں پہلے بھی بول چکا ہوں، آپ نے ٹیم بنائی ہے اور آپ ہی  ساتھ نہیں؟  نیوزی لینڈ سے سیریز میں کوچ بھی ساتھ نہیں جا رہے۔

اجے جڈیجا نے مزید کہا کہ گھر کا ایک ہی بزرگ ہونا چاہیے، 7 ہوں گے تو دقت تو ہو گی۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کو 10 وکٹوں سے بدترین شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ا