میلبرن اسٹیڈیم کے باہر پاکستانی پرستاروں کا میلہ  

لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل سے ایک روز قبل ہی میلبرن اسٹیڈیم کے باہر پاکستانی پرستاروں کا میلہ لگا رہا۔ آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل سے ایک روز قبل ہی میلبرن اسٹیڈیم کے باہر فینز زون کا اہتمام کیا جہاں شائقین کو فائنلسٹ ٹیموں کو قریب سے دیکھنے اورملاقات کا موقع فراہم کیا گیا۔

پرستاروں نے موقع سے پورا فائدہ اٹھایا اور سینکڑوں کی تعداد میں اسٹیڈیم کے باہر پہنچ گئے فضا پاکستان زندہ باد اور دل دل پاکستان سے گونج اٹھی، پرچم بھی لہرائے گئے، اسٹیج پر موجود گلوکارہ نے انگلش گانے گائے تو شائقین نے دل دل پاکستان گانے کی فرمائش کردی لیکن وہ مسکرا کر نیچے اتر گئیں۔

ورلڈ کپ کی ٹرافی اسٹیج پر لائی گئی،پاکستان ٹیم کو بھی بلایا گیا، لوگ اتنے زیادہ تھے کہ انتظامیہ نے کوئی خطرہ مول نہیں لیا اور دور سے ہی تصاویر بنانے کی اجازت دی۔