ذوالقرنین حیدر کی بھارتی میڈیا پر قومی ٹیم کیخلاف ہرزہ سرائی

 لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر کی بھارتی میڈیا پر بیٹھ کر قومی ٹیم کے خلاف ہرزہ سرائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست پر سابق وکٹ کیپر بیٹر ذوالقرنین حیدر نے بھارتی نیوز چینل کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں کہا کہ قومی کرکٹرز نے نمازیں پڑھیں تو وہ میچ کیوں نہ جیت سکے۔

انہوں نے کہا کہ تمام پلئیرز کو نمازیں اپنے لیے پڑھنی ہیں، کوئی دکھاوے کیلئے نہیں پڑھنی، انگلینڈ کے دو مسلمانوں نے میچ جتوادیا، کیونکہ وہ آپ سے اچھے مسلمان ہیں۔ تصویروں میں آنے کیلئے معین علی اور عادل راشد نمازیں نہیں پڑھتے۔

ذوالقرنین حیدر نے کہا کہ زمبابوے سے ہارنے کے بعد آپکو اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے تھا کہ آپ جیسے تیسے فائنل میں پہنچ گئے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر کئی صارفین نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

حال ہی میں سابق کرکٹر ذوالقرنین حیدر عمان میں لیگ کے دوران معدے کی خطرناک بیماری کا شکار ہوئے تھے، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انکے تمام تر طبی اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا تھا جبکہ عمر اکمل بھی ذاتی رنچشیں بھلا کر اہلیہ کے ہمراہ سابق کرکٹر سے ملاقات کیلئے رہائشگاہ گئے تھے۔