فیفا ورلڈکپ، میچ کے دوران شراب کی فروخت پر پابندی

فیفا ورلڈ کپ کے شروع ہونے سے محض دو روز قبل قطری حکام کی جانب سے شراب پر پابندی عائد کی گئی۔

ورلڈ کپ کی میزبانی کی بولی لگانے کے وقت فیفا اور قطر کے مابین ہونے والے معاہدے میں قطر نے فٹ بال میچ کے دوران شراب کی فروخت پر آمادگی ظاہر کی تھی، تاہم اس ٹورنامنٹ کے شروع ہونے سے گیارہ ہفتے پہلے فیفا حکام اور قطر کی حکومت کے درمیان اس سلسلے میں دوبارہ بات چیت کی گئی ۔

فیفا کی جانب سے بیان میں یہ بات سامنے آئی کہ فٹ بال کے تمام آٹھ اسٹیڈیمز میں غیر نشہ آور مشروب یعنی بنا الکحل کی شراب کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم شراب ، شیمپین اور وہسکی سمیت دیگر نشہ آور یا الکحل شراب کو لگژری ایریاز میں ہی پیش کیا جا سکتا ہے۔

اکثرفٹ بال فینز کی ان خصوصی یا لگژری ایریاز میں رسائی نہیں ہے جہاں وہ شراب پی سکیں گے ۔ قطر میں شراب کی خریداری پر سختی سے پابندی عائد ہے ۔

فیفا ورلڈ کپ کے دوران بنا الکحل کی شراب بھی ٹورنامنٹ کے زیر انتظام علاقوں میں ہی فروخت کی جا سکے گی۔ جبکہ ان علاقوں سے باہر، قطر نے شراب کی خریداری اور استعمال پر سخت پابندیاں عائد کی ہیں، ہوٹلوں کے بار میں اس کی فروخت کی برسوں سے اجازت ہے۔

یاد رہے کہ Budweiser فیفا کا سب سے بڑا اسپانسر ہے جسے ورلڈ کپ کے دوران شراب فروخت کرنے کے خصوصی حقوق حاصل ہیں۔