فیفا ورلڈ کپ؛ اسلامک اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک بھی قطر پہنچ گئے

فیفا ورلڈ کپ 2022 کی شروعات سے قبل ہی معروف اسلامک اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک بھی قطر پہنچ گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق قطر کے سرکاری اسپورٹس ٹی وی کے پیش کار فیصل الہاجری نے اپنے ایک ٹویٹ میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ممکنہ لیکچرز کا ذکر کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران ڈاکٹر ذاکر نائیک کے لیکچر روزانہ کی بنیاد پر چلتے رہیں گے۔

ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے آنے والے لاکھوں تماشائیوں میں ان کے مداح کی بڑی تعداد بھی دوحہ میں موجود ہوگی، اس لیے وہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے لیکچرز بھی سن سکیں گے۔

واضح رہے کہ پانچ عرب ٹیموں سمیت اس ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 32 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ گزشتہ روز، ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں ایکواڈور نے میزبان قطر کو 2-0 سے شکست دی تھی۔