دبئی: پاکستانی اداکارہ و ماڈل سعدیہ خان نے آریان خان سے تعلقات کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔
اماراتی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سعدیہ خان نے آریان خان سے قریبی تعلقات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے ان افواہوں کو بےبنیاد قرار دے دیا۔
سعدیہ خان کا کہنا تھا کہ وہ دبئی میں مقیم ہیں اور آریان سے اتفاق سے نیو ائیر پارٹی کے دوران ملاقات ہوئی تھی آریان کے ساتھ اور بھی بہت لوگوں نے تصاویر بنوائی تھیں مگر معلوم نہیں کی صرف ان کی تصویر ہی کیوں وائرل ہوئی۔
سعدیہ خان نے کہا کہ یہ عجیب بات ہے کہ لوگ مکمل بات جانے بغیر آریان اور ان کے بارے میں کہانیاں بنا رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ خبروں کے نام پر جو کچھ ہوتا ہے اس کی ایک حد ہونی چاہیے۔
سعدیہ خان نے کہا کہ صرف ایک تصویر میں ایک ساتھ نظر آجانے کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ ہم ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔
اداکارہ نے ان افواہوں کو ‘بے بنیاد’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان سب جھوٹی خبروں کی تردید کرتی ہیں، سعدیہ کا کہنا تھا کہ آریان بہت پیارا اور انتہائی خوش اخلاق لڑکا ہے اس لیے ان افواہوں کو ختم کردینا چاہیے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل شاہ رُخ خان کے بیٹے آریان خان کی پاکستانی اداکارہ و ماڈل سعدیہ خان کے ساتھ ایک تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھی انہیں دبئی میں نئے سال کی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔ تصویر کے وائرل ہونے کے بعد یہ افواہ آگ کی طرح پھیل گئی تھی کہ آریان اور سعدیہ ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔