شاہ رخ کی فلم پٹھان کی برج خلیفہ پر نمائش

دبئی: دنیا کی بلند ترین عمارت ’بر ج خلیفہ‘ پر فلم ’پٹھان‘ کے ٹریلر کی  نمائش کر دی گئی جب کہ اس موقع پر فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے شاہ رخ خان بھی موجود تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق بھارت میں چند انتہا پسند جنونی ہندوؤں کی مخالفت کے باوجود شاہ رخ خان کی فلم’پٹھان‘ کے ٹریلر کو پوری دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے۔ فلم کے فروغ اور مارکیٹنگ کے لیے ٹیم اس وقت متحدہ عرب امارات میں موجود ہے۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات میں دنیا کی سب سے بڑی عمارت برج خلیفہ پر فلم پٹھان کا ٹریلر چلایا گیا۔ پوری عمارت ایک مینار نما اسکرین کے طور پر دکھائی دے رہی تھی۔


مداحوں کی بڑی تعداد بھی اپنے پسندیدہ اداکار کو دیکھنے کے لیے موجود تھی۔ سیاہ رنگ کی پینٹ اور جیکٹ میں ملبوس شاہ رخ خان نے ٹریلر کے بعد اپنا منفرد فلمی اسٹائل بھی دیا اور گانے جھومے جو پٹھان پر رقص بھی کیا۔

ٹریلر کی برج خلیفہ پر رونمائی کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے فلم کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔