سنیل شیٹھی کی بیٹی اور کے ایل راہول کی شادی کی تیاریاں شروع

ممبئی: بھارتی کرکٹر کے ایل راہول اور اتھیا شیٹی کی شادی کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پچھلے کئی دنوں سے کرکٹر کے ایل راہول اور اداکار سنیل شیٹی کی بیٹی اتھیا کی شادی کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں تاہم اب اس جوڑی کی شادی کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

ممبئی میں موجود کے ایل راہول کے گھر کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جس سے یہ خبر زور پکڑتی ہے کہ راہول اور اتھیا جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کے ایل راہول اور اتھیا 23 جنوری کو اپنے گھر والوں اور خاص دوستوں کی موجودگی میں شادی کر کے نئی زندگی کا آغاز کریں گے۔

کے ایل راہول اور اتھیا کی شادی کی تقریبات کا آغاز 21 جنوری سے سنیل شیٹی کے کھنڈالہ میں موجود فارم ہاؤس میں ہوگا جس کو پہلے ہی خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے۔