پرائز بانڈز کیش کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 7,500، 15,000، 25,000 اور 40,000 روپے مالیت کے پرائز بانڈز کیش کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کردی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی حکومت نے عوام الناس کی سہولت کے لیے 7,500 روپے، 15,000 روپے، 25,000 روپے اور 40,000 روپے مالیت کے پرائز بانڈز کا تبادلہ /نقد کرانے کا ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023ء تک توسیع کر دی ہے۔

حکومت نے ان پرائز بانڈز کو نقد کرانے کے لیے 30 جون 2022 کی تاریخ مقرر کی تھی۔

7,500، 15,000، 25,000 اور 40,000 روپے مالیت کے پرائز بانڈز رکھنے والے افراد ان بانڈز کے بدلے نقد رقم حاصل کرسکتے ہیں۔

ان بانڈز کی 25,000 روپے یا 40,000 روپے کے پریمیم پرائز بانڈز (رجسٹرڈ) میں منتقلی ہوسکتی ہے، اس کے علاوہ انہیں اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں بدلا بھی جاسکتا ہے۔

ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30 جون 2023 تک کیا جا سکتا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز نقد کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

مرکزی بینک نے مزید کہا ہے کہ بانڈز کو رکھنے والے افراد آخری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی بچت کو 30 جون 2023 سے قبل دوسری شکل میں تبدیل کرا لیں۔

اس توسیع شدہ ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کو نقد یا ان کا تبادلہ نہیں کرایا جا سکے گا،اور یہ قابل استعمال نہیں رہیں گے۔