پاکستانی فلم ’گلابو رانی‘ نے عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا

لاس اینجلس: پاکستانی فلمساز عثمان مختار کی مختصر فلم ’گلابو رانی‘ نے ایل اے سائنس فکشن اینڈ ہارر فیسٹیول 2022 میں ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

فلمساز نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس خبر کو شیئر کیا ہے اور مداحوں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ کے ساتھ ایک جذباتی کیپشن لکھا ’ الحمد اللہ، میں یہ اعلان کرتے ہوئے نہایت خوش ہوں کہ ’گلابو رانی‘ نے ایل اے سائنس فکشن اینڈ ہارر فیسٹیول میں بہترین مختصر فلم کا ایوارڈ جیتا ہے، مجھے اپنی مکمل ٹیم پر فخر ہے‘۔

عثمان مختار کی پوسٹ پر شوبز کی متعدد شخصیات نے ان کو مبارکباد پیش کی ہے جن میں سارہ خان، علی کاظمی اور منظر صہبائی شامل تھے۔

’گلابو رانی‘ کی کہانی ایک آسیبی ہاسٹل کے گرد گھومتی ہے اور فلم میں اسامہ جاوید حیدر، معراج حق، دانیال خاقان، عمر عبداللہ اور نتاشہ حیمرا نے بھی اہم کردار ادا کیے ہیں۔