لاہور: نجی اسکول میں نشے کی عادی لڑکیوں کی جانب سے ساتھی طالبہ پر کئے گئے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر شوبز شخصیات کی جانب سے بھی شدید ردِعمل سامنے آرہا ہے اداکار احمد علی بٹ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس واقعے کا ذمے دار والدین اور اسکول انتظامیہ کو ٹھہراتے ہیں جنہیں بلکل اندازہ نہیں کہ ان کے بچے اسکول اور نجی زندگی میں کیا کررہے ہیں۔
احمد علی بٹ نے اپنی انسٹااسٹوری میں لکھا کہ اس واقعے کو دیکھنے کے بعد یہ ثابت ہوتا ہے کہ سوشل میڈیا اور منشیات نے کس طرح ہماری نوجوان نسل کو برباد کر دیا ہے۔
اداکارہ یشما گل نے بھی مذکورہ واقعے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ اس طرح تنگ کرنا لڑکی کو مارنا اور ویڈیو بنانا کسی لحاظ سے بھی اچھا نہیں ہے۔
اداکارہ میرب علی نے کہا کہ یہ بیہودہ حرکت ہے اُمید ہے کہ متاثرہ لڑکی کو انصاف ملے گا اور یہ بابا کی شہزادیاں جیل میں وقت گزاریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور؛ اسکول میں نشے سے منع کرنے پر طالبہ پر ساتھی لڑکیوں کا تشدد
یاد رہے کہ گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر لاہور کے ایک نجی اسکول کے بچوں کی ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں ایک طالبہ پر ساتھی لڑکیوں کو تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ لڑکے اسے بچانے کے بجائے ویڈیو بنانے میں مصروف رہے۔