ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رُخ خان کی تنازعات کی نظر ہونے والی فلم ’پٹھان‘ بھارت سمیت دنیا کے سو سے زائد ممالک میں ریلیز کر دی گئی۔
شاہ رُخ خان اپنی 2018 کی آخری فلم ’زیرو‘ کی ریلیز کے 4 سال بعد بڑے پردے پر جلوہ گر ہوئے ہیں ’پٹھان‘ میں ان کے ساتھ بالی ووڈ اسٹائل کوئین دیپیکا اور ایکشن ہیرو جان ابراہم مرکزی کردار نبھا ر ہے ہیں۔
پٹھان نے ریلیز سے قبل ہی پہلے دن کے 4 لاکھ ایڈوانس ٹکٹس فروخت کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے جبکہ آج بھارت سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں کی زینت بننے والی اس ایکشن تھرلر فلم کو بھرپور پزیرائی مل رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رُخ خان کے مداح ان کی نئی فلم دیکھنے کیلئے بےصبری سے انتظار کر رہے تھے اور آج صبح 7 بجے سے ہی سنیما گھروں کے باہر قطار میں کھڑے تھے۔
سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کو بھارت سمیت دنیا کے 100 ممالک میں ریلیز کیا گیا ہے جہاں پہلے ہی شاہ رُخ خان کی فلم اور گانوں کےخوب چرچے ہو رہے ہیں۔
فلم میں سلمان خان نے بھی کیمیو رول ادا کیا ہے جہاں وہ چلتی ٹرین میں دھواں دار انٹری دیتے ہوئے شاہ رُخ خان یعنی پٹھان کو بچانے پہنچتے ہیں، شاہ رُخ کے ساتھ سلمان خان کے مداح بھی فلم کے ایکشن سین کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر بھی ہر طرف ’پٹھان‘ کے چرچے ہیں ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ پٹھان اور ایس آر کے ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔