منا بھائی اور سرکٹ سکرین پر پھر یکجا ہوگئے

ممبئی: مشہور کامیڈی ڈرامہ فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ سے شہرت پانے والے بالی ووڈ اسٹار سنجے دت اور ارشد وارثی کی جوڑی ایک مرتبہ پھر نئی فلم میں اکٹھے جلوہ گر ہو رہی ہے۔

سپر اسٹار سنجے دت نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ارشد وارثی کے ساتھ جلد نئی فلم میں نظر آنے کا اعلان کیا ہے۔

سنجے دت نے انسٹاگرام پر ارشد وارثی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں ان دونوں کامیڈی اسٹارز کو جیل کے یونیفارم میں سلاخوں کے پیچھے کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکار نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’ہمارا انتظار آپ سے زیادہ تھا لیکن آخرکار انتظار ختم ہو گیا۔

انہوں نے ساتھی اداکار کو پوسٹ میں ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے بھائی ارشد وارثی کے ساتھ ایک اور دلچسپ فلم کے لیے آ رہے ہیں، آپ کو فلم دکھانے کا بےصبری سے انتظار ہے ہمارے ساتھ رہیے‘۔

سوشل میڈیا پر یہ پوسٹ دیکھ کر دونوں اداکاروں کے مداحوں میں فلم کے بارے میں مزید معلومات جاننے کی جستجو بڑھ گئی ہے تاہم سنجے کا کہنا ہے کہ وہ جلد فلم کے نام اور دیگر معلومات کا اعلان کریں گے۔

کمنٹ باکس میں سنجے دت اور ارشد وارثی کے مداحوں کی جانب سے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ شاید یہ مشہور کامیڈی فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ اور ’لگے رہو منا بھائی‘ کا سیکوئل ریلیز کرنے والے ہیں۔