معروف ترک شیف براق اوزدامیر ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے کی صورتحال بتاتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے۔
دبئی میں مقیم ترکیہ کے شیف براق اوزدامیر چہرے پر مسکراہٹ سجائے مزیدار کھانے بنانے کے لیے مشہور ہیں، انہوں نے فیس بُک پر ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہیں ترک زبان میں زلزلے کی صورتحال بتاتے ہوئے اور روتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں اپنا دکھ بیان نہیں کر سکتا، میں اس آفت کی وجہ سے اپنے دکھ کی حد نہیں بیان کر سکتا، خدا ان لوگوں پر رحم کرے جن کو نقصان پہنچا ہے، متاثرین کی مدد کے لیے ہم جو کر سکتے ہیں وہ کرنے کی کوشش کریں گے۔‘
انہوں نے ایک اور ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ امدادی خوراک ترکیہ کے متاثرہ علاقوں میں بھیجنے کی بات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں آنے والے بدترین زلزلے سے ہوئی تباہی کے نتیجے میں اب تک ساڑھے 9 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔
زلزلے کے بعد سلسلہ وار آفٹر شاکس نے ہزاروں عمارتوں کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا جس کے تلے دب جانے والوں کو نکالنے کا عمل جاری ہے، تاہم انتہائی سرد موسم امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے باعث متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ہوسکتی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ایڈھانوم گیبریئیسس نے خبردار کیا ہے کہ ہزاروں زخمیوں اور ملبے تلے دبے زندہ افراد کے لیے وقت تیزی سے کم ہوتا جارہا ہے۔
ہزاروں متاثرین نے مسلسل آنے والے آفر شاکس، سرد بارش اور برف باری سے بچنے کے لیے مساجد، اسکولوں اور بس شیلٹرز تک میں پناہ لی ہوئی ہے اور حرارت کے لیے کچرا جلا رہے ہیں۔