سونے کی فی تولہ قیمت میں بڑا اضافہ

عالمی مارکیٹ میں نمایاں تبدیلی نہ ہونے کے باوجود پاکستان میں ایک دن میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 9 ہزار 900 روپے اور 10 گرام کی قیمت میں 8 ہزار 487 روپے کا بُلند ترین اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آل سندھ صرافہ جیولرز نے بتایا کہ فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمت تاریخ کی بُلند ترین سطح 2 لاکھ 40 ہزار روپے اور 2 لاکھ 5 ہزار 761 روپے پر پہنچ گئی ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس قیمت 2 ہزار 31 ہزار ڈالر ہے۔

رواں برس کے آغاز سے اب تک سونے کی فی تولہ اور 10 گرام قیمتوں میں بالترتیب 52 ہزار 800 روپے اور 45 ہزار 267 روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمتیں 207 ڈالر بڑھی ہیں۔یکم جنوری کو فی تولہ اور 10 گرام کی قیمتیں بالترتیب ایک لاکھ 87 ہزار 200 روپے اور ایک لاکھ 60 ہزار 494 روپے تھیں جبکہ عالمی منڈی میں فی اونس قیمت ایک ہزار 824 ڈالر تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 1.85 فیصد یا 5 روپے 38 پیسے اضافے کے بعد 290 روپے 22 پیسے کا ہوگیا تھا، مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں کا تعین عالمی قیمت اور شرح تبادلہ میں رودوبدل کی بنیاد پر ہوتا ہے۔