قومی ایئرلائن کی تنظیم نو، اصلاحات اور بحالی کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت پی آئی اے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دی گئی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے وزیرخزانہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی۔
کمیٹی پی آئی اے سے متعلق تجاویز و سفارشات کابینہ کوپیش کرے گی۔ اجلاس میں سعدرفیق نے پی آئی اے کی بہتری کیلئے مجوزہ روٹ میپ پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نےوفاقی وزیرکی پی آئی اےسےمتعلق کاوشوں کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی ایئرلائن خسارے سے نکلنے کی استعداد رکھتی ہے گزشتہ حکومت نےپی آئی اے پر غیرذمہ دارانہ بیانات دیے جس سے قومی ایئرلائن نے یورپ اور امریکا کے فضائی راستےگنوا دیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی نااہلی سے ایئرلائن کو اربوں کا نقصان ہوا گزشتہ حکومت کے نا اہل وزرا نے انتقام کا نشانہ بنایا، سرمایہ کاروں، چینی کمپنیوں، ترک کاروباری افراد کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ترقی کر سکتا ہے جب پیشہ ور انتظامی ماہرین چلائیں قومی ایئرلائن کو خسارے سے نکالنے کیلئے اصلاحات ناگزیرہیں، سرمایہ کاروں، کاروباری افراد و کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنا ہو گی۔