آئی ایم ایف پروگرام کےدوران پینشن نظام تبدیل، نوٹیفکیشن جاری: پنشن بوجھ ہے، سروس اسٹرکچر میں تبدیلی کرنا ہوگی، وفاقی وزیر خزانہ

وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے دوران پنشن نظام میں مزید اصلاحات کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

پینشن نظام میں بڑی تبدیلیاں کردی گئیں، وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق یکم جنوری2025 سے پنشن آخری 2 سال کی اوسط تنخواہ کی بنیاد پر مقرر کی جائےگی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ایک سے زائد پیشن لینے پر پابندی ہوگی، وفاقی حکومت نے یہ فیصلے پے اینڈ پینشن کمیشن کی سفارشات پر کیے ہیں۔

اس سے قبل سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ سے قبل آخری تنخواہ پنشن مقررکی جاتی تھی، نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ صرف ایک پنشن لی جاسکے گی، حاضر سروس ملازمین پنشن نہیں لے سکیں گے جب کہ ریٹائرمنٹ پر ملنے والی پنشن کی بنیاد پر ہی مستقبل میں اضافے کا فیصلہ ہوگا۔

اس کے مطابق ریٹائرمنٹ کے وقت والی پینشن بیس لائن پیشن تصور ہوگی، بیس لائن پنشن کا ہر تین سال بعد پے اینڈ پینشن کمیٹی جائزہ لے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں وفاقی حکومت نے نئی پنشن اسکیم متعارف کرا دی تھی جس کا نوٹی فکیشن وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردیا گیا تھا۔

کنٹریوبیوٹری پنشن اسکیم فنڈ سے متعلق وزارت خزانہ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق نئی پنشن اسکیم کے تحت ملازم پنشن کے لیے بنیادی تنخواہ کا 10 فیصد ادا کرے گا۔

نئی پنشن اسکیم کے تحت حکومت پنشن کے لیے بنیادی تنخواہ کا 20 فیصد ادا کرے گی جب کہ نئی اسکیم یکم جولائی 2024 کے بعد بھرتی ہونے والے سول ملازمین پر لاگو ہوگی۔

علاوہ ازیں، نئی پنشن اسکیم فوج کے یکم جولائی 2025 کے بعد بھرتی ہونے و الے ملازمین پر لاگو ہوگی۔

اس سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پے اینڈ پنشن کمیشن کی سفارشات پر پنشن اسکیم میں ترامیم کی منظوری دی تھی۔

ای سی سی نے پنشن اسکیم میں ترامیم یکم جولائی 2024 سے لاگو کرنے کی سفارش کی تھی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جولائی سے آنے والے نئے ملازمین کے لیے کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم متعارف کرائی جائے گی، موجودہ پنشنرز کے لیے بھی نئے رولز متعارف کرائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پنشن بہت بڑا بوجھ ہے، وقت کے ساتھ ساتھ ہمیں سروس اسٹرکچر میں تبدیلی کرنا ہوگی تاکہ پنشن کا خرچہ آہستہ آہستہ ہمارے قابو میں آئے۔