پٹرولیم مصنوعات فراہمی کیلئے نئی پالیسی کا اعلان

وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ ملک میں تیل کی ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے بانڈڈ اسٹوریج پالیسی لا رہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا ہمارے ملک میں جب پیٹرول کی قیمت بڑھنے والی ہوتی ہے تو سب کو پتہ ہوتا ہے اور پھر ذخیرہ اندوز اس چیز کا فائدہ اٹھاتے ہیں اور پیٹرول ذخیرہ کر لیتے ہیں لیکن آج میں آپ لوگوں کے سامنے اس ذخیرہ اندوزی کا توڑ پیش کر رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا ملک میں تیل کی ذخیرہ اندوزی سے بچنے کے لیے بانڈڈ اسٹوریج پالیسی لا رہے ہیں، بانڈڈ اسٹوریج پالیسی کے نتیجے میں پاکستان میں تیل کی قلت نہیں ہو گی، اب دنیا کے بڑے بڑے ٹریڈرز بھی ملک میں تیل ذخیرہ کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، بانڈڈ اسٹوریج پالیسی کی وجہ سے ملک میں مستقبل میں پیٹرول کی قلت جیسی صورت حال پیدا نہیں ہو گی۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ گیس کےکنوؤں کا گردشی قرضہ صفر کر دیا ہے، جلد ایل این جی کا گردشی قرضہ بھی صفر کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا ہماری ترجیح معیشت کو مضبوط کرنا ہے، ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر تلاش کیے جا رہے ہیں، ان شاء اللہ ملک میں توانائی بھرپور طریقے سے آئے گی۔