کراچی: آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے، جس کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے پہلے ہی دن زبردست تیزی کے ساتھ کاروبار کا آغاز ہوگیا۔
پاکستان کے ساتھ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ہونے والے 3 ارب ڈالر کے معاہدے کے بھرپور اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران سامنے آنا شروع ہو گئے، جس کے نتیجے میں عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد ہفتے کے پہلے ہی دن کاروبار شروع ہوتے ہی نئی تاریخ رقم ہو گئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پی ایس ایکس میں کاروبار کے آغاز پر بھرپور تیزی سامنے آئی اور انڈیکس میں 2000 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔ ابتدا ہی میں کے ایس ای 100 انڈیکس 1961 پوائنٹس اضافے سے 43414 پوائنٹس پر ٹریڈ ہوا، جس کے بعد پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مزید اور بھرپور تیزی ہونے پر سرگرمیاں ایک گھنٹے کے لیے معطل کردی گئیں اور 1986 پوائنٹس پر حصص کی خریدوفروخت روک دی گئی۔
آئی ایم ایف کے ساتھ 3 ارب ڈالر کا معاہدہ
واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 3 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے بعد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے اسٹاف لیول معاہدے کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔ پاکستان کو آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی ابتدائی منظوری مل گئی، جس کے نتیجے میں ڈیفالٹ کا خطرہ کم ہو گیا ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 3 ارب ڈالر مالیت کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے معاہدے پر اتفاق ہوا ہے جب کہ آئی ایم ایف نے معاہدہ کی تصدیق کی ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اسٹاف لیول معاہدہ کی منظوری دے گا جب کہ ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جولائی کے وسط میں ہوگا۔ آئی ایم ایف اور پاکستانی کے درمیان طے پانے والا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) معاہدہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔