پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو لیٹر آف انٹینٹ (اظہار آمادگی کا خط) کی کاپی بھجوادی جس کے بعد آئندہ 3 سے 4 روز میں ایک ارب ڈالر کی قسط موصول ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق لیٹر آف انٹینٹ کی کاپی وزیرخزانہ، گورنراسٹیٹ بینک کے دستخطوں سےبھجوائی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ پاکستان اپنے غیرملکی زرمبادلہ ذخائربڑھائے گا اور سرکاری اداروں میں اصلاحات کرے گا۔
آئی ایم ایف کو یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے کہ پاکستان 9 ماہ کے دوران کوئی نئی ٹیکس ایمنسٹی نہیں دے گا اور قرض دینے والے اداروں کی یقین دہانیوں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی گئی کہ تجارت پرپابندیاں بھی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف بورڈاجلاس میں پاکستان کے لیٹر آف انٹینٹ قرض درخواست پرغورکرےگا اور بورڈ سے منظوری کے بعد پاکستان کو ایک ارب ڈالرکی قسط 3 سے 4 روز میں مل جائے گی۔
خیال رہےکہ 30 جون کو پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا، یہ 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ ہے۔
آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق معاہدہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم کرے گا اور معاہدے سے سماجی شعبے کے لیے فنڈز کی فراہمی بہتر ہوگی جب کہ معاہدے کے تحت پاکستان ٹیکسز کی آمدن بڑھائےگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ ٹیکس کی آمدن بڑھنے سے عوام کی ترقی کے لیے فنڈنگ بڑھ سکےگی، معاہدہ پاکستان میں مالی نظم و ضبط کا باعث بنےگا اور معاہدے سے توانائی کی اصلاحات یقینی بنائی جائیں گی جب کہ ایکسچینج ریٹ کو مارکیٹ کے حساب سے مقرر کیا جائے گا۔