عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ڈیل کے اثرات پاکستان سٹاک مارکیٹ پر بھی اثر انداز ہونے لگے، نجی بجلی گھروں کوبھاری ادائیگیوں، آئل اینڈگیس،کمیونیکیشن،آئی ٹی،انرجی سیکٹر کے شیئرز میں خریداری کے باعث 14 ماہ کے بعد حصص مارکیٹ میں 44 ہزار پوائنٹس کی حد بحال ہو گئی۔
حصص مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز محتاط انداز میں ہوا، صبح دس بجے کے قریب 100 انڈیکس میں 43.29 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی، اس کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست دلچسپی دیکھی گئی۔
دوپہر بارہ بجے انڈیکس میں 400 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، جس کا تسلسل دوپہر دو بجے تک دیکھنے کو ملا گیا۔
ٹرینڈنگ کے دوران ایک موقع پر تیزی 670پوائنٹس سے بھی تجاوز کر گئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر معمولی مندی کے باعث 100 انڈیکس 626.02 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔
حصص مارکیٹ میں زبردست بڑھوتری کے باعث 14 ماہ کے بعد 44 ہزار پوائنٹس کی حد بحال ہو گئی۔ اور انڈیکس 44178.85 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.44 فیصد کی بحالی دیکھی گئی جبکہ 16 کروڑ 62 لاکھ 26 ہزار 8 شیئرز کا لین دین ہوا۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو 100 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ تیزی کا تسلسل آئندہ ہفتے تک بھی دیکھنے کو ملے گا، مارکیٹ میں چھائی ہوئی غیر یقینی کے اثرات آئی ایم ایف معاہدے کے باعث ختم ہو گئے تھے، 12 جولائی کو عالمی مالیاتی ادارے سے قسط موصول ہونے کے باعث دوست ممالک کی جانب سے قرض کی راہ ہموار ہو جائے گی۔