ایمان زینب مزاری کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دہشت گردی کے مقدمے میں سابق وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کی صاحبزادی اور انسانی حقوق کی کارکن ایمان زینب مزاری کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے ایمان مزاری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی، ایمان مزاری کی والدہ شیریں مزاری، وکلا زینب جنجوعہ اور قیصر امام عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے ایمان مزاری کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے 10 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم سنایا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایمان زینب مزاری کو 2 ہفتے کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کا فیصلہ سنایا تھا، تاہم اس کے کچھ دیر بعد ہی ان کی درخواست ضمانت پر آج (بروز ہفتہ) ہونے والی سماعت تک دارالحکومت کے خواتین کے تھانے میں رکھنے کی ہدایت جاری کی تھی۔