چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل نعیم حیدر پنجوتہ نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم بالکل صحت مند اور تندرست ہیں۔
جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ان کی لیگل ٹیم نے میڈیا سے گفتگو کی۔
وکیل نعیم حیدر پنجوتہ نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم نے واضح کہا ہے میں ملک چھوڑ کر کہیں جانے والا نہیں۔
’چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جب تک ملک کے اندر سیاسی استحکام نہیں آتا تب تک معاشی استحکام بھی نہیں آئے گا۔ عدالتی فیصلے نہیں مانے جائیں گے تو سرمایہ کاری کیسے آئے گی؟ الیکشن آئین کے مطابق 90 دن میں ہونے چاہیے۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم ان سے ملاقات کیلیے آج اٹک جیل پہنچی تھی۔ ٹیم میں شعیب شاہین، نعیم حیدر پنجوتہ، انتظار حیدر پنجوتھہ، راجہ یاسر اور علی گوہر شامل تھے۔
علاوہ ازیں چیئرمین پی ٹی آئی کے ذاتی معالج فیصل سلطان بھی اٹک جیل پہنچے تاہم جیل حکام کی جانب سے ان کو ملاقات کی اجازت نہ ملی۔