مسلم لیگ (نواز) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کینسر کو شکست دے دی۔
لندن میں شہباز شریف نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا کرم ہے، تمام ٹیسٹ کلیئر آگئے ہیں، لوگوں کی دعائیں رنگ لائیں،کینسر کا ٹیسٹ بھی منفی آ گیا۔ اللہ تعالیٰ کا شکر گزار اور دعائیں کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق شہبازشریف 20 اگست کو برطانیہ پہنچے اورکینسر کے کئی ٹیسٹ کروائے، جس کی رپورٹ اب آئی ہے اور ڈاکٹر نے بھی تصدیق کی کہ کینسر ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آ گئی۔
سابق وزیراعظم کو سنہ 2000 میں کینسر کی انتہائی نایاب اور خطرناک شکل ’اڈینو کارسینوئڈ‘ کی تشخیص ہوئی تھی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما 2003 میں نیویارک کے سلوین کیٹرنگ اسپتال میں کئی ماہ زیر علاج رہے۔
ذرائع کے مطابق شہبازشریف کے لندن کے ایک اور کلینک میں کچھ ٹیسٹ ہونا ہیں جس کے بعد دو ہفتے میں اُن کی وطن واپسی متوقع ہے۔