فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کےسربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ اسرائیل پر حملہ ایک حسابی مہم جوئی ہے ، ہم اسرائیلی قیدیوں کا تبادلہ اسرائیل کے زیر حراست اپنے تمام قیدیوں سے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کہتا ہے کہ وہ حماس کو ختم کر دے گاتاہم وہ کامیاب نہیں ہو گا، ہم اسرائیل کو شکست دیں گے۔
واضح رہے کہ 23 لاکھ نفوس پر مشتمل غزہ پر اسرائیل نے قیامت ڈھا دی ہے ، بمباری کی زد میں اب تک کئی ہسپتالوں کو بھی براہ راست نشانہ بنایا جا چکا ہے جبکہ اسرائیل فورسز نے غزہ کا باہر سے مسلسل محاصرہ کرکے پانی ، ادویات اور خوارک سمیت ہر چیز کی غزہ کو فراہمی روک دی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق فلسطینی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ آج غزہ کی پٹی میں واقع ایک چرچ کے احاطے میں پناہ لینے والے متعدد بے گھر افراد اسرائیلی حملے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین نے خبررساں ادار ے کو بتایا کہ بظاہر اس حملے کا مقصد اس عبادت گاہ جس میں غزہ کے بہت سے باسیوں نے فلسطینی علاقوں میں جنگ کے دوران پناہ لی تھی، کے قریب ہدف کو نشانہ بنانا تھا۔
یاد رہے حماس کی جانب سے اسرائیل پر7اکتوبر کو حملہ کیا گیا ، اسرائیل کی جوابی کارروائی میں 13 دنوں میں 3800 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں ، دوسری طرف اسرائیل کے مرنے والوں کی تعداد بھی لگ بھگ 2000 ہوگئی ہے۔