امیر جماعت اسلامی کا آج غزہ مارچ کا اعلان، ریلی کی اجازت مل گئی ریلی کے شرکاء کو ڈیپلومیٹک انکلیو میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آج اسلام آباد میں غزہ مارچ ہو گا اور امریکی سفارخانے کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں سرینگر ہائی وے پر جماعت اسلامی کے غزہ ملین مارچ کی تیاریاں روکنے پر پولیس اور کارکنوں میں شدید جھڑپیں ہوئیں، جس کے نیتجے میں آبپار چوک سے سرینا چوک تک علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کرکے کارکنوں کو منتشر کیا۔

جماعت اسلامی کے زیراہتمام غزہ مارچ آج ہوگا، دن 2 بجے دن آبپارہ تا یواین آفس تک ریلی نکالی جائے گی، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے۔ ریلی کے شرکاء کو ڈیپلومیٹک ایراء میں جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

اسلام آباد پولیس، انتظامیہ اورجماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق جماعت اسلامی کو فلسطین سے اظہار یکجہتی ریلی کی اجازت دیدی گئی ہے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی آبپارہ چوک سے احتجاج کا آغاز کرے گی، سری نگرہائی وے بند کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ہائی سیکورٹی زون میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی خصوصی انتظامات کیے ہیں، ریڈ زون کی سیکیورٹی کے لیے اسلام آباد پولیس، ایف سی، رینجرز کے سیکیورٹی تعینات ہوں گے۔

سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے 4 ایس پیز، 5 ڈی ایس پیز اورمختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز تعینات ہوں گے، اسلام آباد پولیس کے 1000، ایف سی کے350، رینجرزکے300 اہلکارتعینات ہوں گے۔