نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ترک قوم کو 100 واں یوم جمہوریہ منانے پر مبارکباد دی ہے۔
عبوری وزیر اعظم نے ترکی کے عوام کے عزم و حوصلے کی تعریف کی جنہوں نے اپنی آزادی کے تحفظ کے لئے یہ اہم سنگ میل عبور کیا ہے اور دنیا بھر میں آزادی پسند لوگوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھی ہے۔
وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی متحرک قیادت کو بھی سراہا جس کے تحت ترکی کی معاشی تبدیلی اور امن و خوشحالی کے باہمی اہداف کو فروغ دینے میں اس کے کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے میں ترکی کے برادر عوام کو ترک جمہوریہ کی صد سالہ سالگرہ کے مبارک موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 29 اکتوبر 1923 کو انقرہ میں ترک گرینڈ نیشنل اسمبلی نے پہلی بار ترک جمہوریہ کا اعلان کیا تھا، وزیر اعظم نے مزید لکھا کہ یہ یادگار موقع کرشماتی غازی مصطفی کمال اتاترک کی قیادت میں ترک قوم کی آزادی کی جرات مندانہ جدوجہد کے اختتام کی علامت بھی ہے۔