پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مبینہ ڈیل منظر عام پر آچکی ہے اور اس حوالے سے اب کوئی شک باقی نہیں رہا۔
اعتزاز احسن نے مسلم لیگ(ن) کی اتحادی جماعتوں بالخصوص پیپلز پارٹی کے حوالے سے کہا کہ جس لمحے اس آدمی (نواز شریف) کو دوبارہ موقع ملتا ہے وہ باقی تمام (اتحادیوں) کا ساتھ چھوڑ دیتا ہے، نواز ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈیل اب ایک کھلا راز ہے۔
واضح رہے کہ موجود سیاسی منظرنامے میں پیپلز پارٹی یہ محسوس کرتی ہے کہ مقتدر حلقوں کے ساتھ ہونے والی ڈیل میں نواز شریف نے انہیں اعتماد میں نہیں لیا اور انہیں اکیلا چھوڑ دیا۔
نواز شریف پر یہ الزامات برطانیہ سے واپسی کے بعد ان کے ساتھ کیے جانے والے ترجیحی سلوک پر لگائے جا رہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو درخواستوں کے باوجود انتخابات کی کوئی تاریخ نہیں دی جا رہی ہے۔