اسرائیلی بمباری: دربدر فلسطینیوں کے لیے آسمان سے برستی بوندیں بھی امتحان بن گئی

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے دربدر فلسطینیوں کے لیے آسمان سے برستی بوندیں بھی امتحان بن گئی ہیں۔

آج غزہ میں ہونے والی بارش کا پانی پناہ کے لیے بنائےگئے خیموں میں داخل ہوگیا جس کے باعث پہلے سے مشکلات کا شکار  غزہ کے باسیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔

 خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی 150 عمارتوں میں 7 لاکھ بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی نے بارشوں سے کیمپوں میں متعدی بیماریاں پھیلنےکا خدشہ ظاہرکیا ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 500 ہوگئی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی جارحیت سے 4 ہزار 630 سے زائد بچے اور 3 ہزار 130 سے زیادہ خواتین شہید ہوچکی ہیں، 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری سے 29 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے اب تک طبی عملے کے 189 افراد شہید ہوگئے ہیں۔

غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال کے کمپاؤنڈ میں شہید 179 فلسطینیوں کی اجتماعی قبر میں تدفین کر دی گئی۔

غزہ کے الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابوسلمیہ کا کہنا ہے کہ الشفا اسپتال میں موجود 179 لاشوں کو اسپتال کے کمپاؤنڈ میں اجتماعی قبر میں دفنایاگیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈائریکٹر اسپتال ابوسلمیہ نے کہا کہ شہید فلسطینیوں کی لاشوں کو اجتماعی قبر میں دفن کرنے پر مجبور کیا گیا۔