الیکشن کمیشن پر بھروسا رکھنا چاہیئے

صدرِ مملکت کو الیکشن کمیشن پر بھروسا رکھنا چاہیے۔

آٹھ فروری کے انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہی ہوں گے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل در آمد کرواناالیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔فروری 2024ء کے انتخابات کے انعقاد کے دوران ڈسکہ رپورٹ کی فائنڈنگز کو بھی مدِنظر رکھا جانا چاہیے۔ دراصل اس وقت ملک میں شدید انتخابی تنائو شروع ہو چکا ہے‘ ایسے حالات میں انتخابی عمل سے متعلق سیاسی جماعتوں میں تشویش پیدا ہو نا کوئی غیر معمولی امر نہیں لیکن اس ضمن میں بہتر یہی ہے کہ سیاسی جماعتیں انتخابات کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات کی خود الیکشن کمیشن کے سامنے نشان دہی کریں۔ سیاسی جماعتیں ایسے افراد کو ٹکٹ ایوارڈ کریں جو اچھی شہرت کے حامل اور ووٹروں کیلئے قابلِ قبول ہوں۔ ان نہیں ٹکٹ دینے سے گریز کریں جو 1985ء سے اب تک کسی نہ کسی لبادے میں ہر پارٹی میں موجود رہے ہیں۔ اس بار ساڑھے پانچ کروڑ ووٹرز ایسے ہیں جو 35 سال سے کم عمر ہیں‘ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ انہوں نے ہی آئندہ الیکشن میں پولنگ سٹیشنوں پر جا کر کرنا ہے۔


سابق نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعدجسٹس (ر)ارشد حسین شاہ کو نیا نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تعینات کر دیا گیا ہے۔جسٹس(ر) ارشد حسین پشاور ہائی کورٹ کے جج اور گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔ وہ آئین و قانون کے ماہر‘ غیر جانبدار اور نیک شہرت کے حامل ہیں۔ ان کی بطور نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تقرری کے بعد صوبے میں گورننس کا معیار بہتر ہو گا اور انتخابات میں بھی الیکشن کمیشن کو ان کی غیر جانبدارانہ حکمت عملی سے معاونت حاصل رہے گی۔ ویسے اگر گورنر کے پی ان کی تقرری سے پہلے آئین کے آرٹیکل 267 کا سہارا لیتے ہوئے صدرِ مملکت سے رائے حاصل کرلیتے تو حرج نہیں تھا۔ یہ تعیناتی گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی‘سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈراکرم خان درانی کے درمیان اتفاقِ رائے کے بعد عمل میں لائی گئی کیونکہ آئین میں منتخب وزیراعلیٰ کی برطرفی یا انتقال کی صورت میں نئے وزیراعلیٰ کی تقرری کے حوالے سے تو واضح شقیں موجود ہیں لیکن نگران وزیراعلیٰ کے انتقال کی صورت میں آئین خاموش ہے۔اس لیے الیکشن کمیشن نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ اس حوالے سے سابقہ طریقہ کارہی اختیار کیا جائے گا‘ یعنی آئین کے آرٹیکل 224 اور 224 اے کے تحت نگران وزیراعلیٰ کا انتخاب دوبارہ ہوگا۔اس طریقہ کار کے مطابق گورنر سابق وزیر اعلیٰ اور سابق اپوزیشن لیڈر کو خط لکھ کر تین‘ تین نام مانگتا ہے۔ ناموں پر اتفاقِ رائے نہ ہونے پر معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جاتا ہے جس کا تقرر سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کرتے ہیں۔ کسی نتیجے پر نہ پہنچنے پر حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن کرتا ہے‘لیکن گورنر‘ سابق وزیراعلیٰ اور سابق اپوزیشن لیڈر کے پی میں اتفاقِ رائے کے بعد یہ معاملہ پہلے مرحلے میں ہی طے پا گیا۔ آئین کی خاموشی کے تناظر میں اس حوالے سے میری رائے یہ تھی کہ اس موقع پر سینیٹ کے قائدِ ایوان اور قائدِ حزب اختلاف کو اعتماد میں لیاجاتا کیونکہ آئینی طور پر سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختوخوا اور قائدِ حزب اختلاف کا عہدہ تو کب کا تحلیل ہوچکا ہے جبکہ سینیٹ کا ادارہ فعال ہے.

مرحوم اعظم خان کو نگران وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ زمینی حقائق کے برعکس تھا۔ موصوف2018ء کے انتخابات میں نگران وزیر داخلہ تھے۔ 2018ء کے الیکشن میں آرٹی ایس فلاپ ہونے پر انہوں نے بطور نگران وزیرداخلہ اصل حقائق جاننے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ اسی طرح جسٹس (ر)ناصر الملک نے بھی بطور نگران وزیراعظم کوئی مثالی کارکردگی دکھانے کے بجائے زیادہ تر وقت وزیراعظم ہائوس میں بیٹھے بیٹھے ہی گزار دیا۔ اپنی اس خواہش کی تکمیل کیلئے کہ وہ 14 اگست کو قومی سلیوٹ لے سکیں‘ انہوں نے انتخابات کے حتمی نتائج کے اعلان میں تاخیر سے کام لیا۔ الیکشن کمیشن نے بھی ان کی اس خواہش کی تکمیل میں ان کا ساتھ دیا تھا کیونکہ موصوف چند مہینوں کیلئے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر بھی رہ چکے تھے۔

آئندہ انتخابات میں وفاقی اورصوبائی نگران حکومتوں کو الیکشن کے ایک ایک مرحلے پر گہری نظر رکھنا ہوگی کیونکہ اگر اس بار الیکشن میں بے قاعدگی ہوئی تو عوام کا ردِ عمل کافی شدید ہوسکتا ہے۔