حماس نے برطانیہ کی جانب سے فضائی نگرانی کو اعلان جنگ قرار دیدیا

غزہ: فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے برطانیہ کی جانب سے فضائی نگرانی کا اعلان جنگ کے مترادف قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے حماس کے زیر حراست قیدیوں کی تلاش کے لیے غزہ کے اوپر سرویلنس پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے حماس نے اسے اعلان جنگ قرار دے دیا ہے۔

برطانوی وزارت دفاع کے مطابق برطانوی فوج کی جانب سے یرغمالیوں کی تلاش کے لیے غزہ کے اوپر سرویلنس میں غیر مسلح اور بغیر پائلٹ کے ڈرون اڑائے جائیں گے، اور اس طرح اسرائیل کی حمایت میں امریکا کے ساتھ مل کر قیدیوں کو تلاش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حماس کے جنگجوؤں نے 7 اکتوبر کو اپنے حملے کے دوران تقریباً 240 اسرائیلیوں اور غیر ملکی قیدیوں کو پکڑا تھا۔

جس میں سے اسرائیل کی جانب سے 240 فلسطینی قیدیوں کے بدلے میں اب تک 110 یرغمالیوں کو رہا کیا جا چکا ہے، 86 اسرائیلی اور 24 غیر ملکی۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ پر تباہ کن اور نہایت وحشیانہ بمباری کے دوبارہ آغاز کے بعد حماس نے دو ٹوک انداز میں کہہ دیا ہے کہ اب حملے رکنے کے بعد ہی مذاکرات ہوں گے، جب کہ ان کی قید میں تاحال تقریباً 130 یرغمالی موجود ہیں۔