مریم نواز کے سرگودھا سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اعتراض داخل

پاکستان مسلم لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے سرگودھا سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اعتراض داخل کر دیا گیا ہے۔

 پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لاہور، کراچی اور سرگودھا سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ان میں سے سرگودھا پر جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اعتراض داخل کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سرگودھا کے ایک شہری نے متعلقہ ریٹرننگ افسر کو درخواست دی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز مختلف مقدمات میں سزا یافتہ ہیں اور ان کے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 80 پر جمع کرائے گئے کاغذات پر دستخط بھی جعلی کیے گئے ہیں۔

درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ مریم نواز کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 پر جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراض دائر کیا گیا ہے۔

اعتراض پر مبنی یہ درخواست مذکورہ حلقے کے ایک شہری کی جانب سے متعلقہ ریٹرننگ افسر کو جمع کرائی گئی ہے جس میں بلاول بھٹو پر الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔