پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی پیشی کے موقع پر صحافیوں کو جوڈیشل کمپلیکس میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
اس حوالے سے راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ افسران سے بات کریں، پریس کا داخلہ منع ہے، شاہ محمود قریشی کیس کی کوریج پر پابندی ہے۔
شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک اور بیٹی مہر بانو راولپنڈی جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئے۔
بیرسٹر تیمور ملک نے مہر بانو کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کون سا ان کیمرہ ٹرائل ہے جہاں میڈیا کو روکا جا رہا ہے، میڈیا پر پابندی کے حوالے سے جج صاحب سے بات کریں گے، میڈیا کو کوریج کی اجازت ملنی چاہیے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مہر بانو نے کہا کہ فیصلہ کرنا ہو گا ہم کس سمت جا رہے ہیں، ابھی معلوم ہوا میڈیا کو جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، میڈیا کو کوریج سے روکنا افسوس ناک عمل ہے۔