پیپلزپارٹی کسی اتحاد سے خوف زدہ نہیں، ہر دور میں ہمارے خلاف اتحاد بنے، نادر گبول

پیپلزپارٹی کے رہنماء نادر گبول نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کسی اتحاد سے خوف زدہ نہیں ہے، ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما قیصر احمد شیخ کہتے ہیں کہ ن لیگ سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔ پی ٹی آئی کے شہباز کھوسہ کا کہنا ہے کہ لوگوں کو مجبور کرکے وفاداریاں تبدیل کرائی گئیں۔

نادرگبول نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف ہر دور میں اتحاد بنے ہیں، مگر اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑا۔

انھوں نے کہا کہ کوئی اتحاد پیپلزپارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتا، بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی واضح اکثریت سے جیتی اور عام انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔

مسلم لیگ (نواز) کے رہنما قیصر احمد شیخ نے کہا کہ شہبازشریف دو روزہ دورے پر کراچی آئے ہیں، پارٹی صدر کی ایم کیوایم اور دیگر جماعتوں سے ملاقات ہوگی، کراچی میں ہر زبان بولنے والے لوگ رہتے ہیں، نواز لیگ سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی بھی اتحادی رہ چکے ہیں، کراچی میں تمام سیاسی جماعتوں کا اپنا ووٹ بینک ہے، پیپلزپارٹی کی 15سال سے سندھ میں حکومت ہے، جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں اچھے ووٹ لئے ہیں، ایم کیوایم کا کراچی میں ہولڈ رہ چکا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماء شہباز کھوسہ نے کہا کہ پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کرتا ہوں، لوگوں کو مجبور کرکے وفاداریاں تبدیل کرائی گئیں۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے، پی ٹی آئی بھرپور انداز میں الیکشن میں حصہ لے گی۔