تاحیات نااہلی کیس کی سماعت کیلئے سپریم کورٹ کا 7 رکنی بینچ تشکیل

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ن لیگ کے قائد نواز شریف اوردیگرسیاستدانوں کی تاحیات نا اہلی کیس سے متعلق سات رکنی بینچ تشکیل دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی کیس سے متعلق سات رکنی بینچ تشکیل دے دیا، چیف جسٹس آف پاکستان لارجربینچ کےسربراہ ہوں گے۔

لارجربینچ میں جسٹس منصورعلی شاہ،جسٹس یحییٰ آفریدی،جسٹس امین الدین ، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔

سپریم کورٹ کا7رکنی لارجربینچ کل دن ساڑھے11بجےکیس کی سماعت کرے گا۔

یاد رہے دسمبر کے وسط میں سپریم کورٹ نے نااہلی کی مدت سے متعلق تمام کیسز ایک ساتھ سننے کا فیصلہ کیا تھا۔

عدالت عظمی کے جاری حکمنامے میں کہا گیا تھا کہ نااہلی مدت کے سوال والے کیسز جنوری کے آغاز پر مقرر کئے جائیں، کیس کے زیر التوا ہونے کو الیکشن میں تاخیر کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔

اس سے قبل سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی کے معاملہ پر عدالتی فیصلے اور الیکشن ایکٹ کی ترمیم میں تضاد پر نوٹس لیتے ہوئے اٹارنی جنرل اور تمام صوبائی ایڈوکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کئے تھے۔

سپریم کورٹ نے میر بادشاہ قیصرانی کی جعلی ڈگری میں تاحیات نااہلی کیس میں نوٹس لیا تھا، دوران سماعت چیف جسٹس نے سوال اٹھایا تھا کہ اگر کسی کی سزا ختم ہو جائے تو تاحیات نااہلی کیسے برقرار رہ سکتی ہے؟

جسٹس جسٹس نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کی تاحیات نااہلی کے معاملے پر دو آرا ہیں، تاحیات نااہلی اور آرٹیکل 62 ون ایف سے متعلق کوئی نیا قانون بھی آچکا ہے؟ تاحیات نااہلی بارے سپریم کورٹ کا فیصلہ اور الیکشن ایکٹ دونوں ایک ساتھ نہیں چل سکتے، الیکشن ایکٹ میں ترمیم اور سپریم کورٹ کے فیصلے میں سے کسی ایک کو برقرار رکھنا ہوگا۔