دہشت گردی سے بھی بڑا خطرہ عام انتخابات کی چوری کا ہے: میاں افتخار حسین

عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما میاں افتخار حسین نے کہا کہ دہشت گردی سے بھی بڑا خطرہ عام انتخابات کو چوری کرنے کا ہے۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سرد مہری اور نگران حکومت کے عملی اقدامات جمہوریت کو لاحق خدشات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ کررہے ہیں، پرویز خٹک ڈی آر او اور سرکاری اہلکاروں کے ساتھ مل کر پری پول دھاندلی کی تیاری کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور دیگر سرکاری اداروں کے افسر پرویز خٹک کے کارندے بن گئے ہیں، ملازمین کو پرویز خٹک کی حمایت کیلئے ہراساں کرکے ان پر سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے، ہمارے مینڈیٹ کو چوری کرنے کی سازش میں ڈی آر او اور ضلعی کرپٹ افسر شامل ہیں۔

میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، عوامی نیشنل پارٹی عام انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، جیسے بھی نتائج آئیں ہم تسلیم کریں گے۔