پاکستان مسلم لیگ (نواز) کی مرکزی قیادت کی جاتی امراء میں اہم بیٹھک میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم اور ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسمنٹ سمیت اہم امور پر مشاورت کی گئی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت کا مشاورتی اجلاس جاتی امراء میں ہوا، 4 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم، ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) سندھ میں جی ڈی اے، ایم کیو ایم اور جمیعت علماء اسلام سے سیٹ ایڈجسمنٹ کے معاملات کو آگے بڑھائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا میں صرف جمعیت علماء اسلام کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کو انتخابات کی حکمت عملی اور تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی جبکہ سابق وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو انتخابی مہم تیر کرنے کی ہدایت کی۔
مشاورتی اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز، صدر پنجاب رانا ثناء اللہ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور سینٹر اسحاق ڈار سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔