آئندہ عام اتنخابات کے لیے ریٹرننگ افسران (آر او) کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور کرنے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا آج آخر دن ہے۔
الیکشن ٹریبونل پشاور
آئندہ عام انتخابات کے لئے الیکشن کمیش کی جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور کرنے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا آج آخری دن ہے۔
الیکشن ٹریبونل پشاور میں کاغذات نامزدگی مسترد یا منظوری کے خلاف 150سے زائد امیدواروں نے درخواستیں دائر کردیں۔
درخواستیں دائر کرنے والوں میں سابق صوبائی وزیرعاطف خان سابق ڈپٹی اسپیکر محمود جان ، سابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی، سابق ایم پی اے افتخار مشوانی اور عبدالسلام آفریدی شامل ہیں۔
کاغذات نامزدگی اور مسترد اپیلوں پر کل سے سماعت ہوگی، الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس شکیل احمد اپیلوں پر سماعت کریں گے جبکہ الیکشن ٹریبونل 10 جنوری تک اپیلوں پر فیصلہ جاری کرے گا۔
الیکشن ٹربیونل سندھ
عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانب سے کاغزات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف الیکشن ٹربیونلز میں آخری روز بھی اپیلیں دائر کی گئیں۔
سندھ ہائیکورٹ میں قائم الیکشن ٹربیونل میں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف آخری اور تیسرے روز بھی اپیلیں دائر کی گئیں۔
سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت دیگر امیدواروں نے تین روز میں مجموعی طور پر 250 سے زائد اپیلیں دائر کردیں۔
اپیلیں دائر کرنے والوں میں جی ڈی اے کے رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، فہمیدہ مرزا، حسنین مرزا ، سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری، ایم کیو ایم کے نثار پہنور ، آفتاب بقائی، تحریک انصاف کی آرزو فیصل سمیت دیگر شامل ہیں۔
حسنین مرزا اور دیگر الیکشن ٹریبونلز نے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور آزاد امیدواروں کی جانب سے دائر 20 اپیلوں کی سماعت بھی کی۔
الیکشن ٹربیونل نے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی، زین قریشی، حلیم عادل شیخ، عالمگیر خان، صدر پاکستان عارف علوی کے صاحب زادے اواب علوی ، پیپلز پارٹی مرزا اختیار بیگ سمیت دیگر کی اپیلوں پر فریقین کو 5 جنوری کے نوٹسز جاری کر دیے۔
الیکشن ٹریبونلز نے الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسران سے آئندہ سماعت پر جوابات طلب کرلیے۔
الیکشن ٹربیونل لاہور
ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا آج آخری روز ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے 9 ججز پر مشتمل ایپلیٹ ٹربیونل ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کر کے 10 جنوری تک فیصلے کریں گے۔
اب تک 100 سے زائد اپیلیں ٹربیونل میں دائر ہو چکی ہیں، جن پر سماعت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے آر او کے فیصلے کے خلاف بھی اپیلیں دائر ہو چکی ہیں۔
نوازشریف کے این اے 130 سے کاغذاتِ منظوری کے خلاف اپیل پر سماعت آج ہوگی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف آج اپیل دائر کیے جانے کا امکان ہے
خیبرپختونخوا میں بھی کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
الیکشن ٹریبونل پشاور میں کاغذات نامزدگی مسترد یا منظوری کے خلاف اب تک 50 اپیلیں دائر کی جا چکی ہیں جنہیں الیکشن ٹربیونل نے سماعت کے لیے منظور کرلیا۔
سابق صوبائی وزیر عاطف خان، سابق ڈپٹی اسپیکر محمود جان، سابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی اور سابق ایم پی اے افتخار مشوانی اور عبدالسلام آفریدی کی اپیلیں بھی سماعت کے لیے منظور کرلی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 3 جنوری تک دائر کی جاسکتی ہے۔
الیکشن ٹربیونلز 4 جنوری سے اپیلوں پر سماعت کریں گے اور 10 جنوری تک اپیلوں پر فیصلہ جاری کریں گے۔