چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پاکستان مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کو اشرافیہ کی نمائندہ جماعتیں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان دونوں کو مقتدر قوتوں نے پنجاب پر مسلط کیا ہے۔
لاہور میں پیپلز پارٹی کے سی ای سی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے اپنے دس نکاتی منشور کی تفصیلات بھی بتائیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت برسراقتدار آکر غریب گھرانوں کو سولر انرجی سے 3-3 سو یونٹ مفت بجلی فراہم کرے گی، غریبوں کو 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے، ان گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کے نام ہوں گے۔
اپنے دس نکاتی منشور کی تفصیلات بتاتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تعلیم مفت ہوگی، علاج مفت ہوگا، کسانوں کو کسان کارڈ، مزدوروں کو سوشل سکیورٹی کیلئے مزدور کارڈ اور تعلیم مکمل کر کے روزگار تلاش کرنے والے نوجوانوں کو ایک سال تک یوتھ کارڈ دیکر پیسے دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ نے بلاول بھٹو زرداری کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا ہے، اجلاس میں ان کا نام پی پی پی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف زرداری نے پیش کیا تھا۔