الیکشن التوا کی قرارداد کی حمایت نہیں کی، پیپلز پارٹی

کراچی: پیپلز پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ الیکشن التوا کی قرارداد کی حمایت نہیں کی۔

بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی رہنما شیری رحمن نے کہا ہے کہ پارٹی نے سینیٹ سے منظور ہونے والی انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کی حمایت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری واضح کہہ چکے ہیں کہ ہم ملک میں انتخابات کا بروقت انعقاد چاہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی ملک میں شفاف الیکشن کا انعقاد چاہتی ہے۔

شیری رحمن کا کہنا تھا کہ الیکشن کے لیے8 فروری کی تاریخ سپریم کورٹ نے دی ہے ، ہماری انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور اس حوالے سے تمام امیدواروں کو بھی فائنل کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن ملتوی کرنے کی قرارداد صرف 14 سینیٹرز کی موجودگی میں پیش کی گئی، کورم بھی پورا نہیں تھا، ہمارے سینیٹر تنگی نے اس کی مخالفت کی ہے،ان کی مخالفت اگر واضح نہیں تھی تو ان سے پارٹی اس حوالے سے وضاحت مانگے گی۔

انہوں نے کہا کہ  پیپلز پارٹی نے 10 نکاتی چارٹر بھی دیا  ہے، ہماری تیاری بھی پوری ہے،جو یہ کہتا ہے کہ سیکورٹی کا ایشو ہے تو پیپلز پارٹی 2007 میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار رہی، اس کے باوجود ملک میں انتخابات ہوئے۔