مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ سینیٹ کی قرارداد کے آگے پیچھے کوئی بھی ہو الیکشن شیڈول پر عمل ہوگا جب کہ دوسری جماعتیں، روئیں یا چیخیں، الیکشن 8 فروری کو ہوں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ سینیٹ میں کل جو قرارداد منظور ہوئی صرف اس کی (ن) لیگ نے مخالفت کی، پی ٹی آئی نے سینیٹ میں قراردادکی حمایت کی، پی ٹی آئی والے سازش کے تحت پہلے لاہور ہائیکورٹ گئے اور پھر سینیٹ قرارداد کا ساتھ دیا، یہ لوگ اندر چپ رہتے ہیں اور باہر ڈھول پیٹتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیلوں میں بیٹھ کر دھمکیاں دینا بند کرو، ان لوگوں کو پاکستان کے عوام ووٹ نہیں دیں گے، پاکستان کے عوام کو الیکشن چاہئیں، یہ ملک اب 28 مئی والوں کےحوالے ہونے جارہا ہے، 9 مئی والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، 9 مئی کو پورےملک کو جلانےکاکہا ،پھرکہا کارکنوں نے یہ کیا،اب کارکن بھگت رہے ہیں، یہ ڈھیل ان کو تب ملی جب 9 مئی کے دہشتگرد کو گڈ ٹو سی یو کہا گیا،ان لوگوں کو عوام جانتی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن کے لیے پوری طرح تیار ہے، (ن) لیگ کو الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق 8 فروری کو فیصلہ چاہیے، فیصلہ پاکستان کے عوام کو کرنا ہے، ہم اسمبلیوں کے باہر ڈرامے کرنے والے نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ کی قرارداد کے آگے پیچھے کوئی بھی ہو الیکشن شیڈول پر عمل ہوگا، دوسری جماعتیں، روئیں یا چیخیں، الیکشن 8 فروری کو ہوں گے، مسلم لیگ (ن) کے جلسوں کا اگلے ہفتے شیڈول طے ہوگا۔