بی اے پی الیکشن التوا کی قرارداد کے حق میں سامنے آگئی

بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی جانب سے سینیٹ میں الیکشن التواء پر منظور کی گئی قرارداد کا دفاع کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے اس پر غور کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ترجمان بی اے پی سینیٹر کہدہ بابر نے قرارداد پر تنقید مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کیا آج سے قبل کبھی انتخابات التواء کا شکار نہیں ہوئے۔

سینیٹر کہدہ بابر نے کہا کہ کیا کسی منتخب رکن کا قرارداد کو ووٹ دینا گناہ کبیرہ ہے؟

انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کی داستانیں ذاتی مفاد سے زیادہ کچھ نہیں، کیا سینیٹ کی منظور کردہ قرارداد آئین پاکستان کے خلاف تھی؟

کہدہ بابر نے کہا کہ ہر کوئی وزیراعظم بننا چاہتا ہے، عوامی مسائل سے کسی کو کوئی سروکار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے صوبوں اور علاقوں کی بات کی جس کا ہمیں حق ہے، ہم نے اپنے تمام تحفظات اس قرارداد میں رکھ دیے ہیں، الیکشن کمیشن ہمارے تحفظات کو دیکھ کر جائزہ لے۔

سینیٹر کہدہ بابر نے کہا کہ کل کسی کو کچھ ہوا تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟ ہم بڑی جماعتوں کی خواہش کیلئے حق سے دستبردار نہیں ہوسکتے، کیا پاکستان میں فیصلے چند سیاسی جماعتیں کریں گی؟ کیا منتخب رکن کی اپنی کوئی حیثیت نہیں؟