عام انتخابات 2024 سے قبل الیکشن سروے پر پابندی کے حکم کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اور پیمرا کا مذکورہ اقدام آئین کے آرٹیکل 19 اے کی خلاف ورزی ہے۔
الیکشن کے دوران سروے کرنے پر پابندی کرنے کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست اینکرپرسن حبیب اکرم نے محمدعاطف امین ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائرکی ہے، جس میں الیکشن کمیشن اور پیمرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن نے 13اکتوبر کو انتخاب کے حوالے سے میڈیا کےلیے کوڈ آف کنڈکٹ جاری کیا، الیکشن کمیشن نے پرنٹ و الیکٹرانک، ڈیجیٹل میڈیا سمیت تمام صحافیوں پر الیکشن سروے کرنے پر پابندی عائد کی اور اس ضمن میں یکم جنوری کو پیمرا نے ٹی وی چینلز پرکوڈ آف کنڈکٹ پرعملدرآمد کرانے کےلیے مراسلہ جاری کیا۔
درخواست گزار حبیب اکرم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن اور پیمرا کا اقدام آئین کے آرٹیکل 19اے کی خلاف ورزی ہے لہذا عدالت سروے پر پابندی کے اقدام کو کالعدم قراردیا جائے اور اس درخواست کے حتمی فیصلے تک پیمرا اور الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن معطل کیئے جائیں۔